10 جون تک 16 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان

حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے

178

ریاض(اوصاف ٹی وی) حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے یکم جون سے 10 جون تک 16 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے، جن کے ذریعے تین ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔ان پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو سعودی عرب سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ اُتارا جائے گا۔

اس شیڈول میں پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں شامل ہیں۔سعودی عریبین ایئرلائنز کی پہلی پرواز مسافروں کو پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر لائے گی جبکہ پی آئی اے کی پروازیں 2 اور 3 جون کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔3 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی 2 پروازیں کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔

سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز 4 جون کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو واپس لائے گی جبکہ اسی ایئرلائن کی پرواز 5 جون کو مسافروں کو سعودی عرب سے کراچی لائے گی۔6 جون کو پی آئی اے کی پرواز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچے گی جبکہ 7 جون کو سعودی عریبین ایئرلائن کی پرواز کراچی پہنچے گی۔ 8 جون کو پی آئی کی 3 علیحدہ پروازیں لاہور، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی۔

9 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز لاہور کے لیے اڑان بھرے گی جبکہ پی آئی اے کی پرواز اسی روز ملتان پہنچے گی۔سعودی عرب سے پی آئی اے کی پرواز 10 جون کو کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک اور پرواز ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔واضح رہے کہ پی آئی اے کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ یکم جون سے 10جون تک امارات اور سعودیہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 پروازیں چلائی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل تیز کرتے ہوئے خصوصی پروازوں میں اضافہ کیا ہے۔پی آئی اے نے یکم سے 10 جون تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے پچاس سے زائد پروازیں شیڈول کی ہیں۔اس کے علاوہ اومان قطر بحرین سمیت یورپ سے بھی خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دس جون تک شیڈول پروازوں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے پی آئی اے کی 25 جبکہ متحدہ عرب امارات ایئر لائینز کی 9 پروازیں شیڈول ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

urUrdu
en_GBEnglish urUrdu