نیب نے ضمانت پر رہا ملزمان کیخلاف عدالتوں میں اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ

نیب نے ضمانت پر رہا ملزمان کیخلاف عدالتوں میں اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، سابق وزیر اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، آصف زرداری و دیگرکیخلاف کیسز

96

اسلام آباد (اوصاف ٹی وی) نیب نے ضمانت پر رہا ملزمان کیخلاف عدالتوں میں اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، سابق وزیر اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، آصف زرداری و دیگرکیخلاف کیسز اور گندم شوگر اسکینڈل پر تحقیقات کا جائزہ لیا گیا،435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران اور علیم خان کیخلاف کاروائی کا جائزہ لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی، ڈی جی آپریشن نیب اور نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات میں اب تک کی پیشرفت، سابق وزیر اعظم نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز، حسن نواز، حسین نواز، احد چیمہ، فواد حسن فواد، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، عمران الحق شیخ اور دیگر کے خلاف اب تک کی تحقیقات، جعلی بینک اکاؤنٹس مقدمات آصف علی زرداری، عبد الغنی مجید، انور مجید اور دیگر کے خلاف کی گئی تحقیقات اور ملزمان سے اب تک قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی اور قومی خزانہ میں جمع کرانے کا جائزہ لیا گیا۔

پنجاب کی 56 کمپنیوں کے مقدمات کی تحقیقات اور ملزمان سے قوم کی لوٹی گئی اب تک رقوم کی واپسی اور قومی خزانہ میں جمع کرانے کا جائزہ، گندم اور شوگر سیکنڈل کی تحقیقات خصوصاً سندھ میں گندم کی چوری اور خوردبرد کے مقدمات میں 10 ارب روپے کی ریکوری، کچھی کینال، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، 435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران، علیم خان اور دیگر کے خلاف اب تک کی گئی تحقیقات اور مختلف ملکوں میں بھیجی گئی میوچل لیگل اسسٹنٹس کی درخواستوں پر اب تک کی صورتحال کا جائزہ، خیبر بینک پشاور، انجینئر امیر مقام ، کیپٹن صفدر، سردار مہتا ب عباسی، اکرم درانی اور دیگر کے خلاف اب تک کی تحقیقات کا جائزہ، جعلی ہائوسنگ، کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹیوں، مضاربہ، مشارکہ سکینڈلز کا جائزہ لیا گیا اور متاثرین کو رقوم کی جلد از جلد واپسی کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کا ر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کی قانون کے مطابق گرفتاری کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیب میں جاری شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا اور مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی جلد سماعت کیلئے درخواستیں دائر کی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.