حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے ہیں.

84

لاہور(اوصاف ٹی وی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے ہیں. حمزہ شہاز کے پروڈیکشن آرڈراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے جاری کردیے ہیں حمزہ شہباز 8 مئی کوپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے اس سے قبل مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہبازشریف نے ضمانت کیلئے درخواست دائر کررکھی ہے.

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں نون لیگی رہنما نے موقف اپنایا ہے کہ جیل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لیے ضمانت پر رہا کیا جائے حمزہ شہباز نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا ہے. نون لیگی رہنما نے موقف اپنایا ہے کہ حمزہ شہباز کو کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور لاہور ہائی کورٹ سے ہدایت بھی جاری ہوئی ہیں کہ قیدیوں کی درخواست ضمانتیں دائر کی جائیں درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے ملزم کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت پر رہا کیا جائے.

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے نون لیگی رہنما حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کر رکھا ہے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس کے مقدمات ہیں حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون2019 میں گرفتار کیا گیا تھا. قبل ازیں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے حمزہ شہباز کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہوا ہے‘مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز 11 ماہ سے جیل میں ہیں، نہ ہی ان کی کرپشن کا کوئی ثبوت ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی ریفرنس ہے.

مسلم لیگ نون کی رہنما نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ حمزہ شہباز کے خلاف ایک بھی جھوٹا الزام ثابت نہ کر سکا مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ آج کی تاریخ تک حمزہ شہباز کے خلاف کوئی ریفرنس تک فائل نہ کر سکا انہوں نے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر حمزہ شہباز حراست میں ہیں مگر کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے. قبل ازیں سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے ڈیم کے نام پر بے وقوف بنایا گیا اور اب ٹائیگرفورس کے نام پرڈیم فول بنایا جارہا ہے.

نون لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس گیس، بجلی، راشن ہے اورنہ ہی ریلیف کی کوئی حکمت عملی ہے انہوں نے کہا کہ ریلیف فنڈز میں عام آدمی کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.