چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان ری شیڈول

تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا،

100

اسلام آباد (اوصاف ٹی وی۔ 03 ستمبر2020ء ) چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان ری شیڈول کردیا گیا، پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا،پاکستان اور چین مل کر سی پیک کے خطرات کو شکست دیں گے، منفی عناصر سی پیک سے متعلق ہمیں تعاون سے نہیں روک سکتے۔

 انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کورونا وباء کے باعث ری شیڈول کردیا گیا ہے۔ چینی صدر نے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو دورے کی دعوت دی تھی۔ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کیلئے نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر سی پیک کے خطرات کو شکست دیں گے۔

دونوں ممالک سی پیک کو درپیش خطرات سے آگاہ ہیں۔ پاکستان چین اپنے دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سی پیک سے متعلق منفی عناصر ہمیں تعاون سے نہیں روک سکتے۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ چینی حکومت سی پیک کے حوالے سے مطمئن ہے۔ مزید برآں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چینی سفیر یاؤ جنگ نے چینی سفارتخانے میں متعین ایگریکلچر کمشنر گو وین لینگ کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں فارمز ایسوسی ایشن کے صدر آفاق ٹوانہ اور چیرمین نیسلے سید یاور علی بھی وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ پاک چین اقتصادی راہداری اور زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں اصلاحات, ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں زرعی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی گفتگو ہوئی ۔سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت سے متعلقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پر عزم ہیں۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں ٹڈی دل حملے کے بعد چین کی جانب سے زرعی ادویات، مشینری اور ڈرونز کی بروقت فراہمی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

urUrdu
en_GBEnglish urUrdu